17 نومبر، 2026، 8:30 PM

آیت الله وحید خراسانی کی المناک رحلت پر یرانی دینی مدارس کے سربراہ کا تعزیتی پیغام

آیت الله وحید خراسانی کی المناک رحلت پر یرانی دینی مدارس کے سربراہ کا تعزیتی پیغام

حوزہ ہائے علمیہ ایران کے سربراہ آیت الله علی رضا اعرافی نے آیت الله العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی تشییعِ جنازہ، تدفین اور تعزیتی مجالس میں بھرپور شرکت کریں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ ہائے علمیہ ایران کے سربراہ آیت الله علی رضا اعرافی نے آیت الله العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے علومِ اسلامی کے لیے نئے دریچے وا کیے اور فقاہت کے آسمان پر آفتاب کی مانند چمکتے رہے۔

ایرانی دینی مدارس کے سربراہ کے تعزیتی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:

بسم الله الرحمٰن الرحیم

إنا لله و إنا إليه راجعون

قال الصادق(ع) : إِذَا مَاتَ اَلْمُؤْمِنُ اَلْفَقِیهُ ثُلِمَ فِی اَلْإِسْلاَمِ ثُلْمَةٌ لاَ یَسُدُّهَا شَیْ ءٌ

امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں:جب کوئی صاحبِ ایمان فقیہ دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو اسلام میں ایسا شگاف پڑ جاتا ہے جسے کوئی چیز پُر نہیں کر سکتی۔

استادِ جلیل القدر، آیت الله العظمیٰ حاج شیخ حسین وحید خراسانی (قدس سرہ الشریف) کے انتقال پرملال پر حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجع عظام تقلید، رہبر معظم، حوزات علمیہ، علمائے کرام، ملتِ ایران، قم کے معزز عوام، دنیا بھر کے مسلمانوں، خاندانِ رسالت کے پیروکاروں، ایران اور دنیا بھر میں مرجعیت سے عقیدت رکھنے والوں، تمام اعلیٰ علمی و حوزوی اداروں اور بالخصوص ان کے فرزندان اور معزز خاندان کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں۔

اس موقع پر مرجعیت سے اظہارِ عقیدت اور تشییع جنازہ، تدفین اور مجالسِ تعزیت میں شرکت کے پیش نظر آج سے رواں ہفتے کے اختتام تک حوزات علمیہ کے تمام دروس تعطیل رہیں گے۔

اس جلیل القدر فقیہ اور گراں قدر مرجعِ تقلید نے تقریباً ایک صدی پر محیط اپنی بابرکت زندگی کو تحصیلِ علم، تدریس، تحقیق، بے شمار شاگردوں کی تربیت، علمی آثار و نظریات کی تخلیق اور عوام و اہلِ علم کی رہنمائی و ہدایت میں گزاری۔ ان کی علمی خدمات سے حوزہ علمیہ قم اور دیگر حوزات علمیہ کو ترقی و بلندی حاصل ہوئی اور فقہ، اصول، تفسیر، تاریخ اور دیگر اسلامی علوم میں تحقیق و جستجو کے نئے راستے کھلے۔

اس محقق فقیہ نے نجف اشرف کے قدیم حوزہ علمیہ کا زمانہ دیکھا اور وہاں کے نامور علمائے کرام سے فیض حاصل کیا۔ اس کے بعد مشہد مقدس کے حوزہ علمیہ میں علمی فیض پہنچایا اور پھر قم کے قدیم اور سربلند حوزہ علمیہ میں سکونت اختیار کی۔ اپنی گہری بصیرت، عمیق تحقیقات، دل نشیں اور پُراثر اندازِ بیان اور پُررونق درس و تدریس کے ذریعے انہوں نے فقہ، اصول اور تفسیر کے دائرے کو وسعت دی، بے شمار شاگردوں کی تربیت کی اور علومِ اسلامی کے لیے نئے دریچے وا کیے۔

وہ فقاہت کے ایک تناور درخت تھے۔ علمی مباحث، درس و تدریس کی محفلوں، فقہی تحقیقات و باریک بینیوں، علمِ کلام اور تاریخ کے دقیق مباحث میں ان کی شخصیت آفتاب کی مانند روشن و تابندہ تھی۔ اسی طرح منبرِ حسینیؑ سے خطاب، عوام کی رہنمائی اور دینی و فکری تربیت کے میدان میں بھی انہوں نے ایران اور دیگر ممالک میں اپنی گراں قدر یادیں اور بے شمار علمی و معنوی برکات چھوڑی ہیں۔

آیت الله العظمی وحید خراسانی اسلام، ولایتِ الٰہی و نبویؐ اور حضرت علیؑ و حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مدافع شمار ہوتے تھے۔ ملتِ ایران کی جدوجہد اور حضرت امام خمینیؒ کی قیادت میں برپا ہونے والے اسلامی انقلاب کے دور میں بھی وہ انقلاب کے ساتھ کھڑے رہے۔ اسی طرح شہید رہبر ایت اللہ خامنہ ایؒ کے دور میں بھی وہ اسلامی انقلاب کے حامی، ملتِ ایران، حوزات علمیہ اور اسلامی نظام کے خیرخواہ، ہمدرد، رہنما اور مشفق و ناصح رہے

حوزات علمیہ اور معاشرے کی علمی و اخلاقی ترقی کے لیے ان کی حمایت، باصلاحیت اور ممتاز طلبہ و فضلا کی تربیت پر خصوصی توجہ اور تخصصی مراکز و شعبوں کے قیام میں ان کی دلچسپی قابلِ ستائش ہے۔

ان تمام علمی و دینی خدمات کے علاوہ ان کی روحانیت، باطنی پاکیزگی، حسنِ اخلاق، زہد و تقویٰ، پاکیزہ طرزِ زندگی، حوزہ علمیہ کی قدیم و مستند اخلاقی اور علمی روایات سے وابستگی اور حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے والہانہ عقیدت ایسی خصوصیات ہیں جو حوزہ و یونیورسٹی، طلبہ، نوجوانوں اور اساتذہ کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ اور سرچشمۂ الہام رہیں گی۔

آج فقاہت کا یہ عظیم ستون عالمِ ملکوت کی جانب پرواز کر گیا ہے اور حوزات علمیہ، ان کے شاگردوں اور عقیدت مندوں کو سوگوار چھوڑ گیا ہے۔ اب حوزہ علمیہ، نوجوان طلبہ اور ہمارے عزیز اساتذہ کے سامنے ان کا گراں قدر علمی سرمایہ موجود ہے اور ہم سب کو یہ عہد کرنا ہے کہ طہارتِ نفس، فقاہت، مرجعیت، اسلام، مکتبِ اہل بیتؑ، اسلامی انقلاب اور عظیم شہدا کے راستے کو پوری استقامت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

ان کی پاکیزہ روح پر درود و سلام بھیجتے ہوئے امید ہے کہ حوزات علمیہ، قم، ایران اور دنیا بھر کے دین دار عوام ان کے احسانات اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کے تئیں اپنی ذمہ داری ادا کریں گے اور ان کے تمام تعزیتی و یادگاری پروگراموں میں بھرپور شرکت کریں گے۔

عاش سعیداً و مات سعیداً

علیرضا اعرافی، سربراہ حوزہ ہائے علمیہ ایران

News ID 1942927

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha